بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈربی ایس یڈیورپا نے کہا ہے کہ علیحدہ شمالی کرناٹک کا مطالبہ سابق وزیراعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا کی ایما پر کیا جارہاہے، دیوے گوڈا پر کرناٹک کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ بی جے پی کرناٹک کو کبھی تقسیم ہونے نہیں دے گی۔
انہوں نے کہاکہ کرناٹک کو متحد کرنے کے لئے ریاست کے بزرگوں نے جو قربانی دی ہے اسے ضائع ہونے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے شمالی کرناٹک کے متعلق حال ہی میں جو بیانات دئے ہیں اسے دیکھتے ہوئے یہی لگتا ہے کہ وہ کرناٹک کو توڑنے کی سازش کا حصہ ہیں۔ یڈیورپانے کہاکہ کل بلگاوی کے سورنا سودھا کے قریب شمالی کرناٹک کو علاحدہ ریاست قرار دینے کے لئے شمالی کرناٹک کے مختلف مٹھوں کے سربراہوں کی طرف سے جو مظاہرہ منظم کیا جارہا ہے اس مظاہرے میں شامل مٹھوں کے سربراہوں سے وہ خود ملاقات کریں گے اور اپیل کریں گے کہ ریاست کو توڑنے کی مہم کا حصہ ہرگز نہ بنیں۔
انہوں نے کہاکہ کمار سوامی شمالی کرناٹک کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہے ہیں، اسی لئے یہ لوگ مایوسی کے عالم میں ایسا مطالبہ کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کمار سوامی پر یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ ریاست کے ہر حصے کی ترقی کے لئے کام کریں۔ کمار سوامی کا یہ بیان کہ ریاست کے شمالی حصوں سے حکومت کو ٹیکسوں کے ذریعے کوئی آمدنی نہیں ہوتی، بنگلور 65 فیصد ٹیکس وصول ہوتاہے اسی لئے یہ ساری رقم بنگلور پر صرف نہیں کی جاسکتی غلط ہے۔ اس معاملے میں کانگریس قائدوں کی خاموشی پر بھی نکتہ چینی کرتے ہوئے یڈیورپانے کہاکہ کمار سوامی کے اس بیان سے شمالی کرناٹک کے عوام کو دکھ ہوا ہے، کچھ مفاد پرستوں نے وزیراعلیٰ کے اس بیان کو اپنی سیاسی روٹیاں سیکنے کا ذریعہ بنالیا ہے۔